ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
ملک بھر میں موسم نے پھر انگڑائی لے لی،مختلف شہروں میں میگھا برسنے سے موسم خوشگوار اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، دوسری جانب موسم کا حال بتانے والوں نے مزید بارشوں کی خوشخبری سنا دی، آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد،بہاولپور،ڈی جی خان، سرگودھااور ملتان میں بادل برسیں گے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ، حیدرآباد،لاڑکانہ،میر پور خاص ،ژوب ، کوئٹہ، قلات میں باران رحمت ہوگی ،جبکہ اسلام آباد ، راولپنڈی ، ڈی آئی خان،پشاور، بنوں،کوہاٹ، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹے کےدوران لاہور،گوجرانوالہ،راولپنڈی، بہاولپور، لاڑکانہ، سکھر، کوئٹہ،ژوب، سبی ،مالا کنڈ،ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، لاہور اکہتر، لاڑکانہ ستائیس، روہڑی بیس اور خانپور میں گیارہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔