شمالی اور جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد
ملک بھر میں پاک فوج کا آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شمالی اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں آپریشن کیا،آپریشن پت ویلائی،لادھا اور گھر لامائی کے علاقوں میں کیا گیا،ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرلیا گیا،برآمد اسلحے میں بارودی سرنگیں، آرپی جی سیون راکٹ، ہینڈ گرینیڈ، بم اور دیگر اسلحہ شامل ہے، اسلحہ خفیہ مقامات پرزیرزمین چھپایا گیا تھا۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سبی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی، آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران پانچ مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا، ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، بارودی مواد اورمواصلاتی آلات بھی برآمد کئے گئے ہیں۔