لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کو این اے 67 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی
ترجمان تحریک انصاف فواد چودھری کو الیکشن لڑنے کی اجازت، لاہور ہائیکورٹ نے این اے 67 سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلٹ ٹریبونل کے فیصلے کو معطل کر دیا۔ فواد چودھری نے عدالت میں دائر اپنی اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ ٹریبونل کے مطابق بیرون ملک دوروں پر32 لاکھ اخراجات کی تفصیلات فراہم نہیں کیں، ٹریبونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے۔ اپیل میں کہا گیا ہے کہ ٹریبونل کے مطابق اثاثہ جات کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک ان کے اثاثوں کی دستاویزات کا جائزہ نہیں لیا، کاغذات نامزدگی میں ایف بی آر کی مصدقہ کاپی ساتھ لف کی گئی تھی، ٹریبونل نے لف دستاویزات کو نظر انداز کرتے ہوئے نااہل قرار دے دیا لہٰذا ٹریبونل کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی اور اپیلٹ ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور اپیلٹ ٹریبونل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3جولائی تک جواب طلب کر لیا۔