تاجربرادری کو پیسہ کمانے ،حکومت کوٹیکس ادا کرنے کے قابل بنانے کیلئے مدد کی جائیگی،وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کم شرح نمو،ناخواندگی اور غربت ٹیکس وصولی میں کمی کی بنیادی وجوہات ہیں۔ آپ کاپیسہ آپ کے کام کے عنوان سے حکومت کے اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کے بارے میں پی ٹی وی کی خصوصی نشریات میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کوئی بات ناممکن نہیں ہے اور قوم جلد اقتصادی بحران سے نکل آئے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ تاجربرادری کو اس قابل بنانے میں تمام ممکنہ مدد فراہم کی جائے گی کہ وہ روپیہ کمائیں اور حکومت کو ٹیکس ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ تاجربرادری کو سہولت کی فراہمی کی غرض سے ٹیکس ریفنڈ کے لئے ایک طریقہ کار بھی وضع کیاجائے گا۔ وزیراعظم نے یقین دلایاکہ ٹیکس حکام گوشوارے جمع کرانے والے افراد کوہراساں نہیں کریںگے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ سابقہ حکومتوں کے دور میں ٹیکس کلچرکوفروغ نہیں دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت سرمایہ کاروں کو روپیہ کمانے میں مدد دے گی تاکہ نوجوانوں کے لئے روزگارکے مواقع میں ا ضافہ کیاجاسکے۔ عمران خان نے کہاکہ آج پاکستان ایک دوراہے پرکھڑا ہے جس کامطلب ہے کہ اگرلوگ اپنے ٹیکس ادانہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستانیوں میں سالانہ آٹھ ہزار ارب روپے کاٹیکس ادا کرنے کی صلاحیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی اپنے ملک کو قرضوں کی دلدل سے نکالنے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ایک سوال پر وزیراعظم نے کہاکہ حتمی تاریخ تک ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والے افراد کی سہولت کے لئے آئندہ اڑتالیس گھنٹے میں ایک پروگرام لایاجائے گا۔ ملک میں بدعنوانی کواقتصادی خرابیوں کی وجہ قراردیتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ دنیامیں بددیانت حکمرانوں کے ساتھ کوئی ملک ترقی اورخوشحالی حاصل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہاکہ بدعنوانی مہنگائی اوربے روزگاری کاباعث ہے۔ عمران خان نے کہاکہ ٹیکس دینے والاچھوٹاساطبقہ بائیس کروڑلوگوں کابوجھ نہیں اٹھاسکتا۔