فرانس کے مغربی شہر بریسٹ میں مسجد کے باہر فائرنگ ، دو افراد زخمی
فرانس کے مغربی شہر بریسٹ میں جمعرات کے روز ایک مسجد کے باہر مسلح حملہ آور کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ بریسٹ کے پراسیکیوٹر ژاں فلپ ری کیپ نے بتایا ہے کہ مسلح شخص نے شہر کے علاقے پونتیزن میں واقع مسجد کے باہر گولیاں چلائی ہیں۔اس وقت لوگ عبادت کے بعد مسجد سے باہر نکل رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر اس حملے کے محرکات کا پتا نہیں چل سکا ہے کہ اس حملہ آور نے کسی مذہبی یا نسلی تعصب کی بنا پر فائرنگ کی ہے یا اس کا کوئی اور محرک تھا۔ سرکاری نشریاتی ادارے فرانس 3 کی رپورٹ کے مطابق مسلح حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔