پاکستان نے کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کر دیا
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغانستان کی طرف سے بیان اقوام متحدہ کی رپورٹس اور زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔ اقوام متحدہ رپورٹس کے مطابق افغان سرزمین پر ٹی ٹی پی کے 5 ہزار دہشتگرد موجود ہیں، گزشتہ کئی سالوں میں ٹی ٹی پی نے پاکستان میں کئی دہشتگرد حملے کیے۔ ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھاکہ پاکستان میں دہشتگردی کے لیے ٹی ٹی پی نے افغان سرزمین استعمال کی، اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم کی بارہویں رپورٹ نے ٹی ٹی پی کے پاکستان مخالف مخصوص مقاصد تسلیم کیے، رپورٹ نے نشاندہی کی کہ ٹی ٹی پی کے ٹھکانے افغانستان میں پاکستانی سرحد کے ساتھ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹی ٹی پی کے منقسم دھڑوں کا دوبارہ اتحاد بھی دشمن انٹیلی جینس ایجنسیوں کا کام ہے، پاکستان کے خلاف سرحد پار سے حملے ہماری سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف بلاتفریق کارروائی کا عزم غیرمتزلزل ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہاکہ پاکستان نے سلامتی اور دہشتگردی جیسے امور سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ موثر اقدامات پر زور دیا، باہمی مسائل کے حل کے لیے افغان، پاکستان حکمت عملی برائے امن و ہم آہنگی پر عملدرآمد ناگزیر ہے ۔ پاکستان بین الافغان امن عمل کی کامیابی کے لیے مخلصانہ کاوشیں کر رہا ہے، اُمید ہے افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کی خاطر افغان موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔