عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کیخلاف سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر

کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان و دیگر رہنماؤں کو ملکی اداروں کے خلاف بیان بازی سے روکنے کیلئے سپریم کورٹ آف پاکستان میں ایک اور درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ درخواست قوسین فیصل ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں عمران خان ، فواد چوہدری، شیریں مزاری، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)، پی ٹی اے، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کے خاتمے کے بعد عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیگر رہنما قومی اداروں کے خلاف مسلسل بیانات دے رہے ہیں اور اپنے بیانات سے قومی اداروں اور ریاست کو کمزور کر رہے ہیں جبکہ ادارے کمزور ہوں گے تو غیر ملکی سازش کامیاب ہو سکتی ہے۔