شیخوپورہ کے قریب شمالیمار ایکسپریس اور آئل ٹینکر کے درمیان خوفناک تصادم، لاہور سے کراچی جانے والی مسافر ٹرین ریلوے پھاٹک پر آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، حادثے کے بعد ٹینکر میں موجود آئل نے آگ پکڑلی۔ جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پانچ بوگیوں، انجن اور پاور پلانٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، خوفناک تصادم کے بعد شمالیمار ایکسپریس کی آٹھ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ آئل ٹینکر تین حصوں میں تقسیم ہو گیا،، بوگیوں میں پھنسے مسافر چیخ و پکار کرتے رہے، کئی نے جانیں بچانے کیلئے چھلانگیں لگا دی، واقعے کی اطلاع ملنے کے فوری بعد ریسکیو 1122 اور فائربریگیڈ کی متعدد گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچیں، حادثے میں ٹرین ڈرائیور عبدالطیف اور اسسٹنٹ ڈرائیور عبدالحمید جاں بحق ہو گئے، ریسکیو اہلکاروں نے زخمی مسافروں کو ٹرین سے باہر نکال کر ہسپتال منتقل کیا، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف کو ڈیوٹی پر طلب کرلیا گیا۔
فائر بریگیڈ عملے نے مسلسل کوششوں کے بعد 2 گھنٹے بعد آگ پر قابو پالیا، ترجمان ریلوے کے مطابق آئل ٹینکر کا ایکسل ٹوٹنے کی وجہ سے ٹینکر پٹری پر ہی رک گیا جس کے نتیجے میں ٹریک پر آنے والی ٹرین ٹینکر سے ٹکراگئی، پولیس کے مطابق حادثہ پھاٹک کھلا ہونے کے باعث پیش آیا، ریلوے حکام کے مطابق پھاٹک پر موجود عملے اور آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا۔
لاہور سے کراچی جانے والی شالیمارایکسپریس بڑے حادثے کا شکارہوگئی۔
Mar 28, 2017 | 11:10