چیف جسٹس کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے:شاہد خاقان عباسی
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے درمیان سپریم کورٹ میں تقریباً دو گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ ترجمان سپریم کورٹ کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ ملاقات وزیراعظم کی درخواست پر ہوئی جس کی درخواست اٹارنی جنرل کے ذریعے کی گئی۔ وزیراعظم کی ملاقات چیف جسٹس کے چیمبر میں خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے جسٹس ثاقب نثار کو پاکستان میں عدالتی نظام کی بہتری کیلئے مکمل معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت سستے اور فوری انصاف کیلئے وسائل فراہم کرے گی۔ چیف جسٹس کو زیر التواء مقدمات کے باعث ایف بی آر کو درپیش مسائل سےآگاہ کیا گیا، چیف جسٹس نے مقدمات پر جلد فیصلوں کی وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی، وزیراعظم نےچیف جسٹس کومفاد عامہ کےمقدمات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت چیف جسٹس کے وژن کے مطابق بالخصوص سرکاری اسپتالوں میں سستی اور معیاری سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے ماحولیات کے تحفظ، پینے کے پانی اور نجی میڈیکل کالجوں میں تعلیم کی بہتری کی یقین دہانی کروائی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدلیہ بے خوف ہو کر شفاف طریقے سے کام کرے گی اور آئنی ذمہ داریاں پورکرتی رہے گی۔