قومی لائحہ عمل قومی جذبے اور عزم کا عکاس ہے‘ شاہ محمود قریشی
اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ قومی لائحہ عمل پر پہلے ہی اتفاق رائے ہے اور اس پرمسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی لائحہ عمل قومی جذبے اور عزم کا عکاس ہے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ قومی لائحہ عمل پر پہلے ہی اتفاق رائے ہے اور لائحہ عمل پرمسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان سے متعلق سوال پرشاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے عبوری نظام کے حوالے سے بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان ایک خودمختار ریاست ہے اور پاکستان ان کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمشنر کو پلواما واقعے کے حوالے سے پاکستان کی ابتدائی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت جارحانہ طرز عمل اختیار نہ کرتی تو پلواما واقعے کے بعد کی صورت کو بہترانداز میں حل کیا جا سکتا تھا۔