جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک نےدوہزار سات میں پی سی او کےتحت حلف اٹھانےسے انکار کیا، ایمرجنسی کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے والے سات رکنی بنچ میں بھی شامل تھے
نگراں وزیراعظم کے لئے جسٹس (ر) ناصر الملک کے نام پر اتفاق، بلاآخر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چھٹی ملاقات میں معاملہ طے پا گیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے نگراں وزیراعظم کے نام کا اعلان کیا، اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خورشید شاہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج مستقبل کے جمہوری سفرکیلئےاہم دن ہے، نگراں وزیراعظم کے نام پراتفاق رائے ہوا ہے، نگراں وزیراعظم کیلئےنام ایساہےجس پرکوئی انگلی نہیں اٹھاسکتا۔سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے آج جمہوریت ، پارلیمان کی فتح ہوئی ہے۔آج کا فیصلہ جمہوریت، جمہوری تسلسل کا فیصلہ ہے۔اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا آج تاریخی دن ہے، ہم جمہوری فیصلہ کر رہے ہیں، وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کے مشکور ہیں، ناصر الملک کی عدلیہ میں تاریخی خدمات ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان بڑے مسائل سے گزر رہا ہے، خوشی ہے ہم ایک بار پھر پانچ سال مکمل کر رہے ہیں، پاکستان ایک نئے سفر کی طرف گامزن ہے، امید ہے جو پارٹی بھی الیکشن جیت کر آئے گی وہ عوام کی خدمت کرے گی۔