نواز شریف پر بلٹ پروف گاڑیوں کے استعمال کا الزام لگانا شرم کا مقام ہے، مریم اورنگزیب
پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کو جوہری قوت بنانے والے پر بلٹ پرو ف گاڑیوں کے ذاتی استعمال کا الزام لگانا شرم کامقام ہے۔ عمران خان سے ہیلی کاپٹر کے ناجائز استعمال پر کوئی پوچھنے والا نہیں؟پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نواز شریف سے نیب کی بلٹ پروف گاڑیوں کے کیس کی تفتیش پر کہا ہے کہ تین دفعہ منتخب وزیراعظم نواز شریف پر ایک روپے کی کرپشن کِک بیک کمشن کا الزام تک نہ لگ سکا۔ ملک کو جوہری قوت بنانے والے، گیارہ میگاواٹ بجلی دینے والے اور دس ہزار کلومیٹر سڑکوں کا جال دینے والے پر بلٹ پروف گاڑیوں کے ذاتی استعمال کا الزام شرم کا مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ہیلی کاپٹر کے ناجائز استعمال پر کوئی پوچھنے والا نہیں۔ عمران خان کے اٹھارہ جعلی اکائونٹس اور علیمہ باجی کی سلائی مشینوں کی کمائی اربوں میں کیسے بدلی؟ جہانگیر ترین کی باورچیوں اور مالیوں کی منی لانڈرنگ اور دوائیوں میں اربوں روپے کے گھپلوں میں وزرا کے ملوث ہونے کی تحقیقات کب ہوں گی؟مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیصل واڈا پر بیرون ملک جائیدادوں کی خبروں پر کوئی نوٹس نہیں لے گا؟ پشاور میٹرو کے اربوں کے گھپلوں کی تفتیش کی کوئی ضرورت نہیں؟ نوازشریف کیلئے ایک پاکستان ہے اور سلیکٹڈ وزیراعظم کیلئے دوسرا پاکستان۔