پاکستان اور پاکستانی عوام کو ان کی منزل دلا کر رہیں گے، نواز شریف
قائد مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اٹھائیس مئی انیس سو اٹھانوے پاکستانی قوم کے نہ جھکنے کے اعلان کا دن ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر قوم کے نام جیل سے جاری پیغام میں کہا ہے کہ اٹھائیس مئی پاکستانی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے۔ اس دن ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنادیا گیا جب پاکستان ایک ایٹمی قوت کے تعارف کے ساتھ دنیا کے نقشے پر نمودار ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر جہاں پاکستانی قوم کے بے مثال جرات اور بہادری کی علامت کا دن ہے وہیں پاکستان کے دشمنوں اور بدخواہوں کیلئے بھی یہ پیغام ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مظاہرہ کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔ قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آج سے اکیس سال پہلے جب ہماری حکومت نے یہ فیصلہ کیا تو اسے طرح طرح کے چیلنجز کا سامنا تھا۔ ایک طرف اقتصادی پابندیوں کی دھمکیاں دی جارہی تھیں اور اس اقدام کو ناقابل معافی جرم کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا۔ تو دوسری طرف دھماکہ نہ کرنے کے عوض اربوں ڈالرز کی پیشکش کی جا رہی تھی۔ ہم نے اللہ تعالیٰ کے بھروسے اور عوام کی تائید کے بل بوتے پر ان چیلنجز کو قبول کیا اور پاکستان کے وقار کا علم سر بلند رکھا۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے قوم کا سر فخر سے بلند رکھنے کی پاداش میں جلاوطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد ان کی گذشتہ حکومت میں پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم کر کے سی پیک کی شکل میں معاشی دھماکہ کیا تو عالمی سازشوں نے ایک دفعہ پھر سر اٹھا لیا، جس کے نتیجے میں آج مجھے اپنی سانسوں کا بھی حساب دینا پڑ رہا ہے۔ نواز شریف نے اپنے بیانیے کو دہراتے ہوئے پیغام دیا کہ ان کا ایک اصولی موقف ہے کہ دنیا میں پاکستان خود مختار رہے اور پاکستان میں بسنے والے خود اختیار رہیں۔ اس نظریہ کی سزا میں پہلے اب بھگت چکا ہوں اور اب بھی بھگت رہا ہوں۔ ہم پاکستان اور پاکستانی عوام کو ان کی منزل دلا کر رہیں گے