اگلے مالی سال کے لیے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو صرف پانچ سے 6 ارب کا ترقیاتی بجٹ جاری کرنے کی تحویز دی گئی ہے۔
لاہور : آئندہ مالی سال میں بھی پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مالی حالت بہتر نہ ہونے کے امکانات ہیں کیونکہ پنجاب حکومت نےپی ایچ ای سی کے ترقیاتی بجٹ میں پچاس فیصد سے زائد کٹ لگانے کی تجویز دے دی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے مالی سال کے لیے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو صرف پانچ سے 6 ارب روپےکا ترقیاتی بجٹ جاری کرنے کی تحویز دی گئی ہے۔ گزشتہ سال پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کو 15 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ ملا تھا۔ ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کمی کےحکومتی فیصلے کے بعد متعدد منصوبوں پر کٹ لگایا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگلے مالی سال کے لیے سرکاری کالجز میں بی ایس آنرز پروگرام کے لیے خصوصی بجٹ رکھا جائے گا۔ پنجاب کے صرف سترہ کالجز میں بی ایس آنرز کے الگ بلاکس بنانے کی تجویز بھی دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب کے ترقیاتی بجٹ میں صرف 23 ارب 80 کروڑ کا اضافہ کرنے کی تجویز دے دی ہےاورنئے مالی سال میں پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 261 ارب 80 کروڑ رکھنے کی سفارشات تیار کی گئی ہیں۔