پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد چینی نائب صدر واپس روانہ
چینی نائب صدر تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد چین واپس روانہ ہو گئے ہیں، چین روانگی سے قبل وانگ کیشانگ نے تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار نے چینی نائب صدر کو رخصت کیا۔ چینی نائب صدر نے واپس روانگی سے قبل بادشاہی مسجد کا دورہ کیا،صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور سید سعید الحسن شاہ نے خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد ، سیکرٹری اوقاف ذوالفقاراحمد گھن کے ہمراہ چینی نائب صدر کا استقبال کیا۔ ایڈمنسٹریٹر بادشاہی مسجد محمد علی خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر آرکیٹیکٹ چوہدری عبدالغفور نے چینی نائب صدر کو بادشاہی مسجد کی تاریخ، اس کے فن تعمیر کی بابت بریفنگ دی جبکہ خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری کے ہمراہ بادشاہی مسجد کی اہمیت، یہاں سے بین المذاہب ہم آہنگی کی بابت جاری کام بارے چینی نائب صدرکو آگاہ کیا