ملکی معیشت کا عروج: وزارت خزانہ نے رپورٹ جاری کردی
اسلام آباد: وزارت خزانہ نے ملکی معیشت پر ماہانہ اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ معاشی بحالی اور سرگرمیوں میں تیزی کا سلسلہ جاری ہے۔ وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق صنعتی، زرعی پیداوار میں بہتری، ٹیکس ریونیو اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، جولائی تااپریل ترسیلات زر 29فیصد اضافے سے 24.2 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، ملکی برآمدات6.5فیصد اضافے سے 21ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں، ملکی درآمدات13.5فیصد اضافے سے 42.3ارب ڈالر کی سطح تک پہنچ گئیں۔ کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس ایک بار پھر80کروڑ ڈالر سرپلس ریکارڈ کیا گیا، کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس جی ڈی پی کا0.3فیصدریکارڈ کیا گیا، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری32.5فیصد کمی سے 1.53ارب ڈالر رہیں۔