سندھ ہائی کورٹ کا آئی بی اے ٹیسٹ پاس 949 ہیڈ ماسٹرز کا دوبارہ ٹیسٹ لینے کا حکم
سندھ ہائی کورٹ نے آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرانے والے ہیڈ ماسٹرز کو مستقل نہ کرنے سے متعلق سیکرٹری تعلیم اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر 949 ہیڈ ماسٹرز کا دوبارہ ٹیسٹ لینے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے 6 ماہ میں سندھ پبلک کمیشن کو ٹیسٹ لینے کی ہدایت کردی۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرانے والے ہیڈ ماسٹرز کو مستقل نہ کرنے سے متعلق سیکرٹری تعلیم اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ دوران سماعت محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں جواب جمع کرادیا گیا۔ سیکرٹری تعلیم کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ تمام آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹر کی ٹیسٹ سندھ پبلک کمیشن لے گا۔ عدالت نے دو ہفتوں کے اندر تمام ہیڈ ماسٹرز کی تفصیلات سندھ پبلک کمیشن کو دینے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے تمام ہیڈ ماسٹرز کے 6 ماہ کیلئے کنٹریکٹ میں توسیع کرنے کا حکم بھی دے دیا۔