دھمکی، ڈکٹیشن پر عمران خان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے: وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا ردعمل
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکی اور ڈکٹیشن پر عمران خان کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی پریس کانفرنس کا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر 4سال اپنا اور اپنے کرایے کے ترجمانوں کا منہ بند رکھتے، پاکستان کے عوام کی خدمت کرتے کیونکہ آپ کے پاس اختیار، حکومت اور ہر وہ سہولت تھی جس کے ذریعے پاکستان کے عوام کو ریلیف دے سکتے تھے۔انہوں نے کہا کہ ہر روز آکر اپنی ناکامی کا ماتم کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ پاکستان کے عوام سوال پوچھتے ہیں کہ آج جو باتیں کر رہے ہیں وہ 4 سال میں کیوں نہیں کی۔ان کا کہنا تھا کہ آپ کیوں آج 4 سال بعد اقتدار چاہتے ہیں اور کہتے ہیں دو تہائی اکثریت نہ ہوئی تو دوبارہ الیکشن کراؤں گا، آپ کو عوام مسترد کر چکے ہیں۔