یوٹیوب نے اہم فیچر ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا
ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے اسٹوریز کا فیچر کم مقبولیت کے باعث ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوٹیوب نے سال 2018 میں اسٹوریز کا آپشن رکھا تھا تاہم وہ مقبولیت کے مطلوبہ اہداف حاصل نہ کر سکا۔ جس کی وجہ سے اسٹوریز کے آپشن کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسٹوریز کے آپشن کا مقصد تخلیق کاروں کو صارفین سے جوڑے رکھنے کا نیا راستہ فراہم کرنا تھا اور صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اس میں فل اسکرین آپشن بھی شامل کیے گئے تھے۔ انتظامیہ کے مطابق یوٹیوب پر تخلیق کے بہت سے طریقے ہیں جن میں کمیونٹی پوسٹس، شارٹس اور طویل مدت کی ویڈیوز شامل ہیں تاہم اسٹوریز اپنی اہمیت کھو رہی ہے۔ یوٹیوب انتظامیہ نے کہا کہ 26 جون 2023 سے اسٹوریز کو بتدریج ختم کر دیا جائے گا اور اس تاریخ کو جو اسٹوری پوسٹ کی جائے گی وہ بھی اگلے 7 دنوں میں غائب ہو جائے گی۔