سابق ایم پی اے ملک خرم علی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ملک خرم علی خان کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے سب سے زیادہ اہم پاکستان اور اس کے ادارے ہیں، تحریک انصاف کے ساتھ مزید نہیں چل سکتے، تمام دوستوں سے مشاورت کے بعد پی ٹی آئی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل وقت میں فوج ہمارے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، سیاست کیلئے سب سے پہلے پاکستان کو مضبوط کرنا ہے، پاکستان کی بہتری کیلئے میرا کردار جاری رہے گا، ہم نے کسی ادارے کیخلاف بات نہیں کی، عمران خان کو مشورہ دینے والے مجھ سے پہلے پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ ملک خرم علی خان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں کی توڑ پھوڑ کی گئی، پرتشدد واقعات پر بہت افسوس ہوا، ہم اپنی سیاست چمکانے کیلئے اداروں کا وقار نہیں گرا سکتے۔ خیال رہے کہ پرتشدد مظاہروں کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کئی اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور رہنماء پارٹی کو چھوڑ گئے جبکہ کچھ سیاستدانوں نے سیاست کو ہی خیر باد کہہ دیا ہے۔