دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون اورتعلقات مثبت سمت میں بڑھ رہے ہیں۔ رچرڈ اولسن
منگلا ڈیم پاورہاؤس کی اپ گریڈیشن منصوبے کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے امریکی سفیرنے کہا کہ دہشتگردی اورانتہاپسندی امریکہ اورپاکستان سمیت پوری دنیا کے لیے خطرہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اورامریکہ کے درمیان سٹریٹجک مذاکرات کے حوالے سےرواں ہفتے مختلف ورکنگ گروپس کے اجلاس شروع ہوں گے، اقتصادی امورکے حوالے سے ورکنگ گروپس کا اجلاس اسی ہفتے، جبکہ توانائی کے حوالے ورکنگ گروپس کا اجلاس آئندہ ماہ ہوگا۔ امریکی سفیرکا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں امریکہ پاکستان کےساتھ تعاون کررہا ہے، گڈو، مظفرگڑھ، جامشورو پاروپلانٹس، گومل ڈیم اورچھتپارہ ڈیم کی تعمیرمیں بھی معاونت کی جارہی ہے اورآئندہ سال نوسومیگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوجائے گی۔ جس سے اقتصادی ترقی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے۔