لاہور ہائیکورٹ نے ڈرون حملوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت تیرہ دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کوبحث کے لئے طلب کرلیا۔
لاہورہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمرعطاءبندیال نے کیس کی سماعت کی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے وفاقی حکومت کا جواب داخل کراتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ دوہزارآٹھ سے اب تک امریکہ نے دو سو سے زائد ڈرون حملے کئے ہیں جس پرپاکستان نے امریکہ سے بھرپوراحتجاج کیا اور کئی بار امریکی سفیر کو دفترخارجہ طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کی ڈرون حملوں کے خلاف منظورکی گئی قرارداد سے بھی امریکہ کو آگاہ کیا گیا۔ اے کے ڈوگرنے عدالت کو بتایا کہ ڈرون حملے ملکی سالمیت کے خلاف ہیں لہذاٰ عدالت آئین کے تحت پاکستان کی خود مختاری کے تحفظ کویقینی بنانے کے احکامات صادرکرئے۔ جس پرعدالت نے ڈرون حملوں کے خلاف دائردرخواست کی سماعت تیرہ دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزارکے وکیل کو جواب الجواب داخل کرانے کی ہدایت کی جبکہ فریقین کے وکلاءکوآئندہ سماعت پر بحث کے لئے طلب کرلیا۔