انتہاپسند ہندو تنظیم شیوسیناکا اب میڈیا کے ذریعے پاک بھارت کرکٹ سیریز کو رکوانے کے لیے سر گرم
پاک بھارت کرکٹ سیریز کے خلاف جب کچھ نہ بن پایا تو انتہاپسند ہندو تنظیم شیوسینا نے سیریز رکوانے کے لئے میڈیا کا سہارا لینا شروع کردیا ہے۔انتہاپسندوں کا یہ ٹولہ مختلف اخباروں اور چینلز کے ذریعے اس کوشش میں مصروف عمل ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کا سری لنکا سمیت کسی بھی نیوٹرل مقام پر انعقاد نہ ہو۔انتہاپسندوں کی زبان بولنے والے اخبارات اور چینلز نے پاک بھارت کرکٹ سیریز کیخلاف زہر اگلنا شروع کردیا ہے۔ایک اخبار"سمانا" نے گھٹیا پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مودی سرکار اس سیریز کے انعقاد کو رکوانے کیلئے اقدامات کریں۔ اس سلسلے میں بی سی سی آئی پر چیک اینڈ بیلنس کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے۔ اخبار میں پاک بھارت سیریز کو دہشتگردی کے واقعات سے بھی جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ دوسری جانب شیوسینا کی جانب سے بی سی سی آئی کیخلاف میڈیا میں ایک باضابطہ مہم شروع کرنے کی بھی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے۔