امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد دی
ترجمان امریکی سفارت خانہ کے مطابق سفیر ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ امریکہ وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے بطور چیف آف آرمی سٹاف تقرر کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ہم پاکستان کے منتخب رہنماؤں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور افواج کے ساتھ مل کر دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ امریکی سفیر نے مزید کہا کہ جنرل راحیل شریف اور اُن کے اہل خانہ کو تین سالہ مدت تقرر کے اختتام پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ امریکہ پاکستان اور خطے میں دہشت گردی کے سدباب میں اُن کی قائدانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ ڈیوڈ ہیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سول حکومت اور اداروں کیلئے اُن کی اعانت قابل قدر ہے، جنرل راحیل شریف بطور آرمی چیف ایک قابل احترام شراکت دار رہے۔ انہوں نے امن و سلامتی اور پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے متاثر کن لگن کا مظاہرہ کیا۔