کراچی میں گزشتہ روز فائرنگ سے شہید ہونیوالے ڈی ایس پی فیض شگری کو سپرد خاک کردیا گیا
کراچی میں گزشتہ روز گلستان جوہر کے علاقے میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے ڈی ایس پی فیض شگری کو نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیراعلٰی سندھ قائم علی شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور آئی جی سندھ نے شرکت کی۔ تفتیشی حکام نے واقعے کی ابتدائی تفصیلات جمع کرلی ہیں۔ تین موٹرسائیکلوں پر سوار ملزمان ڈی ایس پی کو نشانہ بنانے کے بعد رانگ سائیڈ سے واپس آئے۔ ملزمان اطمینان سے چائے کے ہوٹل پر رکے نعرے لگائے اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ فرار ہوتے ملزمان نے ڈی ایس پی گلبرگ کو بھی نشانہ بنانے کی کوشش کی جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے سترہ اور ہوٹل سے دو خول ملے ہیں۔ شہید ڈی ایس پی نے پہلوان گوٹھ اور پھر ہارون رائل سٹی کا روٹ استعمال کیا۔ تین ماہ کی پوسٹنگ کے دوران شہید ڈی ایس پی ایک ہی راستہ استعمال کرتے رہے۔ روٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے نہیں تھے جس کے باعث نجی عمارتوں پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کی تلاش جاری ہے۔ گاڑی پر چودہ گولیوں کے نشانات ہیں۔ پولیس نے واردات میں دو سے تین پستولوں کے استعمال کئے جانے کا شبہ ظاہر کیا ہے۔