سکھ برادری کا خواب آج پورا ہونے جارہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ
کرتارپور سرحد کھولنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا، اقلیتیں ہمیں دل سےعزیزہیں،آج کا دن ان کےلیےبہت اہم ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارتی وزراء، صحافیوں، مہمانوں کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، بارڈر کھلنے سے پاکستان کا بہتر امیج دنیا کے سامنے آئے گا، بارڈر کھلنے کے بعد ویزہ فری انٹری ہوگی۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد تقریب میں غیرملکی سفارتکار بھی شرکت کریں گے، کرتارپور سرحد باباگرونانک کی اگلی برسی سے قبل کھولنےکی کوشش کریں گے۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہم امن کی جانب بڑھ رہے ہیں جو پاکستان کے لیے بڑی کامیابی ہے اور سکھ برادری کا خواب آج پورا ہونے جارہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان آج کرتارپور کوریڈور کا سنگ بنیاد رکھیں گے، جس میں سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سدھو سمیت بھارت کا سرکاری وفد بھی شرکت کرے گا۔ تقریب میں شرکت کے لیے بھارتی وفد واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچا ہے۔