وزیراعظم نے کرتارپورراہداری کا سنگ بنیادرکھ دیا
وزیراعظم عمران خان نے آج تیسرے پہر ضلع نارووال میں چار کلو میٹر طویل کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھا۔
راہداری کا سنگ بنیاد سکھ برادری کی مذہبی رسومات کے بعدرکھا گیا۔ بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ، وفاقی وزرا، شاہ محمود قریشی اور شفقت محمود، پنجاب کے گورنر چوہدری سرور ، وزیراعلیٰ عثمان بزدار ،پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نعیم الحق، عثمان ڈار اور دوسرے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بھارتی وزیر خوراک Harsimrat Kaur Badal وزیر تعمیرات ہردیپ ایس پوری، بھارتی پنجاب کے وزیر بلدیات و سیاحت اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو اوربھارتی صحافیوں پر مشتمل وفد نے بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں کے ہمراہ تقریب میں شرکت کی۔یہ راہداری کرتارپور میں گوردوارہ دربار صاحب کو بھارت کے ضلع گورداسپور میں واقع ڈیرہ بابا نانک سے ملائے گی۔ پاکستان بھارتی سرحد سے کرتار پور میں گوردوارہ دربار صاحب تک راہداری تعمیر کرے گا جبکہ بھارتی پنجاب کے ضلع گورداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے سرحد تک راہداری کا دوسرا حصہ بھارت تعمیر کریگا۔
اس راہداری سے سکھ یاتریوں کو پاکستان میں اپنے مقدس مقامات کی یاترا کی سہولت ملے گی۔
راہداری کھولنے کا یہ قدم پاکستان نے اٹھایا جس کی بعد میں بھارت نے تائید کی۔