عراق میں مظاہرین نے ایرانی سفارت خانے کو آگ لگا دی
عراق کے شہر نجف کے جنوبی علاقے میں واقع ایرانی قونصل خانے کومظاہرین نے آگ لگا دی ہے۔ اور پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں تقریبا 50سیکورٹی اہلکارزخمی بھی ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا ذرا ئع کے مطابق ایرانی قونصل خانے پر یہ ایک ماہ میں دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل کربلا میں ایرانی قونصل خانے پر تین ہفتے پہلے حملہ ہوا تھا۔تقریباً دو ماہ سے جاری ان حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک کم از کم 344 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کربلا میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے منگل کو دو افراد کو گولی مار کر ہلاک کیا گیا جبکہ بغداد میں بدھ کو دو افراد ہلاک ہوئے۔ پانچویں ہلاکت بصرہ میں اس وقت ہوئی جب فورسز نے ایک شخص کو گولی ماری۔ مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں 80 افراد زخمی ہوئے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے علاقے میں کرفیو لگا دیا ہے۔ واضح رہے کہ عراق میں دو ماہ کی افراتفری میں اب تک 344 افراد ہلاک ہوئے۔