کراچی:اسٹیل ملز ملازمین کو ملازمت واپس دلوائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی پی پی پاکستان اسٹیل ملز کے ہر ایک ملازم کو ان کی ملازمت واپس دلوائے گی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے رحم اور سفاک حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے 4500 ملازمین کو ان کی ملازمت سے برطرف کر دیا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی تمام ملازمین کو ان کی نوکریاں دوبارہ بحال کرائے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اسٹیل کی تاریخی صنعتی زمین سندھ کے لوگوں کا اثاثہ ہے لہذا ہم پی ٹی آئی کو لوگوں کا معاشی قتل نہیں کرنے دیں گے۔اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو وزیرِ اعظم کے عہدے سے ہٹائیں، ملازمین کو نہیں۔واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان اسٹیل ملز کے 4 ہزار 544 ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔