چٹاگانگ ٹیسٹ کا تیسرا روز: پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 286 رنز پر ڈھیر

چٹانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں جاری میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز145رنز 2کھلاڑی آؤٹ سے کیا عابد علی 93 اور عبداللہ شفیق 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ تاہم کھیل کے پہلے ہی اوور میں تاج الاسلام نے پہلے عبداللہ شفیق کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر اگلی ہی گیند پر اظہر علی کو بھی گولڈن ڈک پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ اس کے بعد 169رنز پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن مراز کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ فواد عالم بھی کچھ خاص نہ کرسکے اور وہ بھی 182کے مجموعی اسکور پر اپنی وکٹ تاج الاسلام کو تھما بیٹھے۔ دوسری جانب عابد علی نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی سنچری مکمل کی، عابد علی 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ فہیم اشرف 38،فواد عالم 8 اور محمد رضوان 5 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی 12اور شاہین شاہ آفریدی 13رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔ بنگلہ دیش کے 330 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 286 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد میزبان ٹیم کو قومی ٹیم پر 44رنز کی سبقت حاصل ہوگئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تاج الاسلام نے 7،عبادت حسین نے 2اورمہدی حسن مراز نے ایک وکٹیں حاصل کیں۔