31 سال بعد ہونے والے آزادکشمیر کے بلدیاتی الیکشن مسلم لیگ ن کو برتری حاصل

آزاد کشمیرمیں 31 سال بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کےغیرحتمی و غیرسرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کو بڑاجھٹکا دیتے ہوئے مسلم لیگ ن آگے ہے۔ اکتیس سال بعد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں مظفرآباد ڈویژن کے 3 اضلاع نیلم، جہلم ویلی اورمظفرآباد میں ووٹ ڈالے گئے جہاں پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کے 36 وارڈزمیں مسلم لیگ ن نے 12 نشستوں پرکامیابی حاصل کرتے ہوئے میدان مارلیا، پاکستان تحریک انصاف9 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبرجبکہ پیپلز پارٹی 8 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبرپرہے۔ آزاد امیدواروں نے7نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ میونسپل کارپوریشن نصیرآباد کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق 5 میں سے 3 نشستوں پر پیپلزپارٹی اور 2 پرپی ٹی آئی نے کامیابی حاصل کی۔ غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق وادی نیلم کی 15 یونین کونسلزمیں سے 8 پی ٹی آئی نے اپنے نام کرلیں۔ واضح رہے کہ 614 بلدیاتی نشستوں کیلئے 2 ہزار 725 امیدوارمیدان میں ہیں جبکہ 19 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ کونسلر منتخب ہوچکے ہیں۔بلدیاتی انتخابات کیلئےمظفرآباد، وادی نیلم اور جہلم ویلی میں 6 لاکھ 95 ہزار سے زائد ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملا، انتخابات میں 31 خواتین سمیت 2 ہزار 725 امیدوار میدان میں تھے۔