پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ٹوٹنے کا سلسلہ نا تھم سکا۔

Nov 28, 2024 | 11:37

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج ایک بار پھر  نئی تاریخ رقم ہوگئی، تاریخ میں پہلی بار 100 انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگِ میل عبور کرگیا۔آج 28 نومبر 2024  کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے پاکستان کےاگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ کاروبار کے آغاز میں اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جہاں مارکیٹ میں کچھ ہی منٹوں میں کروڑوں کے شیئرز کی فروخت ہوئی۔ کاروبار کے دوران 100 انڈیکس نے 1200 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کی حد عبور کرلی، اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 479 پوائنٹس پر ٹریڈنگ کررہا ہے۔ دوسری جانب معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے، پاکستان کی معاشی اور اقتصادی پالیسیز درست سمت میں گامزن ہیں، اس سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ یہ قابل ذکر ہے کہ اسٹاک مارکیٹ 17 ماہ قبل صرف 40 ہزار پوائنٹس کی سطح پر موجود تھی اور صرف 17 ماہ کے عرصے میں مارکیٹ نے 60 ہزار پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ کا سنگ میل عبور کیا ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج ختم ہونے کے نتیجے میں سیاسی بے یقینی میں کمی کے بعد گزشتہ روز 100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس کے تاریخی اضافے سے 99 ہزار 269 کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہی دن میں 4 ہزار 695 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 4 ہزار 695 پوائنٹس یا 4.73 فیصد اضافے سے ایک لاکھ پوائنٹس کے سنگ میل کے قریب ترین 99 ہزار 269 پر بند ہوا۔یاد رہے کہ 2 روز قبل منگل 26 نومبر کو کاروبار کے آغاز پر بینچ مارک- کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، تاہم غیریقینی سیاسی صورتحال کے باعث دوپہر کے بعد مارکیٹ لڑکھڑا گئی تھی اور کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 3 ہزار 505 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور مارکیٹ 94 ہزار 574 پوائنٹس پر بند ہوئی تھی۔

مزیدخبریں