سموگ نے ایک بار پھر لاہور میں خطرے کی گھنٹی بجادی۔
شہر لاہور میں اسموگ نے ایک بار پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی۔دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگیا۔لاہور کا اے کیو آئی 565 تک پہنچ گیا۔ چند روز کی کمی کے بعد لاہور شہر میں اسموگ کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا، فضائی آلودگی شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی۔ بھارت سے آنے والی آلودہ ہواؤں کی وجہ سے باغوں کا شہر لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس565 ریکارڈ کیا گیا جبکہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 481 اے کیو آئی انڈیکس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں سید مراتب علی روڈ پر ایئر کوالٹی انڈیکس 1097 پر پہنچ گیا، رائیونڈ میں 830 اور گلبرگ میں 802 ریکارڈ کیا گیا جبکہ ملتان میں بھی فضا مضر صحت ہے، آلودگی کی شرح 284 ہوگئی، پشاور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 252 ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح راولپنڈی 175 اور اسلام آباد میں اے کیو آئی 142 ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے بھی خبردار کیا ہے کہ لاہور شہر میں آئندہ ایک ہفتے تک بارش کا کوئی امکان نہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور کا موسم سرد اور خشک رہے گا۔لا ہور کا صبح کے وقت کا درجہ حرارت 16 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 11 اور زیادہ سے زیادہ 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔موسم کا حال بتانے والوں کہ شہر میں ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، صوبائی دارالحکومت میں ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد رہا۔