وفاقی حکومت کی کرپشن، کمر توڑ مہنگائی اور بجلی کی لوڈ شیدنگ کیخلاف مسلم لیگ ن نے نقارہ بجا دیا،بھاٹی گیٹ میں کارکنوں کا پنڈال سج گیا
لاہورمیں مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور کرپشن کے خلاف مسلم لیگ نون کی استحکام پاکستان ریلی میں شرکت کے لئے ہزاروں کی تعداد میں کارکن ناصر باغ پہنچے جہاں سے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں ریلی بھاٹی گیٹ کی طرف روانہ ہو ئے
احتجاجی ریلی کو گو زرداری گو کا نام بھی دیا گیا ہے۔لاہور شہر کو مسلم لیگ ن کی قیادت کی تصاویر اور نعروںوالے بینرز سے سجا دیا گیا ہے ، تما م شاہراہوں پر مسلم لیگ ن کے جھنڈے لگا دیئے گئے ہیں۔ شہر بھر میں عید جیسی گہما گہمی کا سماں ہے۔ریلی میں شریک کارکنوں نے ہاتھوں میں مسلم لیگ نون کے جھنڈے، بینرز اور اپنے قائدین کی تصاویر اٹھا رکھی ہیں۔ریلی ناصر باغ سے ہوتی ہوئی بھاٹی گیٹ پہنچ گئی ہے جہاں ہزاروں کارکنوں کا پنڈال سج گیا ہے ، جلسے سے وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف اور ن لیگ کے دیگر مرکزی رہنما خطاب کررہے ہیں۔ اس موقع پر جہاں عام شہریوں کو تمام دن سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہیں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سیکیورٹی کے انتہائی فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔ریلی کے قریب ایک ہزار سے زائد پولیس اور اسپیشل برانچ کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے دوسو سے زائد وارڈنز کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔