سردی بڑھتے ہی لنڈا بازاروں کی رونقیں بحال ہوگئی
رت بدلتے ہی لباس بھی تبدیل ہونے لگے، سردی میں روز بروز ہوتے اضافے کے ساتھ ہی لوگ گرم کپڑوں کو ترجیح دے رہے ہیں، لاہور کے لنڈا بازاروں میں بھی خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔ جہاں لوگ گرم کپڑوں، مفلر ،دستانوں ،جیکٹ ، ٹوپی،سو یٹر ،کمبل اور گرم چادریں خریدتے دکھائی دیتے ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھنے کے لیے پرانے گرم کپڑوں کی خریداری کو ترجیح دینے پرمجبور ہیں۔ لنڈا بازاروں میں ملبوسات کا معیار بہتر کچھ بہتر بھی ہے اور کہیں نہ کہیں قیمتیں بھی عوام کی پہنچ میں ہیں۔ لنڈا بازار میں دکانداروں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں ان کا کام بڑھ جاتا ہے، غریب افراد لنڈا بازار کی اشیاء کو اپنے لئے بڑی غنیمت سمجھتے ہیں، بعض اشیاء مارکیٹ سے بھی بہتر معیار کی ہوتی ہیں جو کم قیمت پر فروخت کی جاتی ہیں۔ مہنگائی کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد بازار سے مہنگے کپڑے نہیں خرید سکتی، اس لئے لوگوں نے سخت موسمی اثرات سے بچنے کیلئے پرانے کپڑوں ا ور لنڈا بازاروں سے ضروری اشیاء کی تلاش شروع کر دی ہے۔