پاکستان نے بھارتی سفارتی اہلکارکو سفارتی آداب کے منافی سرگرمیوں کے باعث ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق بھارتی سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے آئندہ چوبیس گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے، اس ضمن میں پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر گوتم بمبے والا کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور سرجیت سنگھ کو نا پسندیدہ قرار دئیے جانے اور ملک چھوڑنے کے نوٹیفیکیشن سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری خارجہ نے بھارتی حکومت اور ہائی کمیشن سے انتیس اکتوبر تک بھارتی سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ اور اس کے اہل خانہ کی واپسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی ، دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی سفارتی اہلکار سرجیت سنگھ کو سفارتی آداب اور ویانا کنونشن کے خلاف سرگرمیوں کے باعث ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔۔۔ واضح رہے کہ نئی دہلی نے پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات اہلکار محمود اختر پر دفاعی دستاویزات کی چوری کا بھونڈا الزام لگا کر گرفتار کیا اور جب کچھ نہ بن پڑا تو سفارتی استثنیٰ کا بہانہ بنا کر رہا کر دیا لیکن ساتھ ہی سفارتکار کو ناپسندیدہ قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔