لال حویلی جانے والے تمام راستے سیل، جڑواں شہروں میں پھر کنٹینرز کا راج ہے۔

پی ٹی آئی سے پہلے اسلام آباد انتظامیہ نے شہر اقتدار کو لاک ڈاؤن کر ڈالا ۔۔۔ لال حویلی کو جانے والے تمام راستے سیل کر دیئے گئے۔ راولپنڈی کو کنٹینر سٹی میں تبدیل کر دیا گیا۔ جگہ جگہ پولیس کی نفری تعینات ہے، جبکہ دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت مجمع پر بھی پابندی ہے، کنٹینرز کی وجہ سے شہریوں کو آمد کو رفت میں شدید مشکلات کا سامناہے۔ جبکہ ایمبولنسز کو بھی ان علاقوں سے گزرنے نہیں دیا جا رہا۔ دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائشگاہ کو جانے والے تمام راستوں پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موجود ہے ۔۔۔ بنی گالہ کے اطراف میں بلاکس رکھے گئے ہیں۔ جبکہ تمام پارٹی بینرز بھی علاقے سے غائب ہیں ۔۔۔ انتطامیہ کے مطابق علاقوں کو بند نہیں کیا گیا، صرف سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر علاقوں کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے، ادھر سیکیورٹی اور حالات کی خرابی کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بند کر دی گئی، جس کے باعث عام شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے، میٹرو سٹیشن بھی بند ہیں، جبکہ وہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ۔