پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اتوار سے شروع ہو گا

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچز کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ شارجہ کے تاریخی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائیگا ۔ جس میں مصباح الحق ایک اور تاریخ رقم کرینگے ۔ اور قومی ٹیم کے پاس بھی ایک تاریخ رقم کرنے کا نادر موقع ہے ۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سریز میں کلین سویپ کیا ۔ ٹیسٹ میں بھی کلین سویپ کے صورت میں پاکستان مکمل سیریز نو صفر کے مارجن سے جیت جائے گی۔ اس سے پہلے دنیا کی کسی ٹیم کو نو صفر کے مارجن سے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل نہیں ۔ جبکہ مصباح الحق بطور کپتان انچاس ویں ٹیسٹ میں میدان میں اتریں گے ۔ جس کے بعد وہ عمران خان کا بطور کپتان سب سے زیادہ اڑتالیس میچ میں قیادت کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیں گے ۔ مصباح الحق اب تک اڑتالیس ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں جن میں سے چوبیس میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ وہ بطور کپتان دس ٹیسٹ سیریز جیت پر پہلے ہی ایشیا کے کامیاب ترین کپتان کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں