صرف اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کا ارادہ کیا تھا, اب یہ لاک ڈاؤن ملک بھر میں ہوگا : نعیم الحق

پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد پہلی بار بنی گالہ آنے والے نعیم الحق حکومت پر خوب گرجے برسے، ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ حکومت کی پرتشدد کارروائیوں کا مقصد عوام کے جذبات کو کچلنا ہے، عوام جانتے ہیں کہ کرپشن کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا،ملک میں قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی ہے جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی حکومت نے خود خلاف ورزی کی۔ نعیم الحق نے کہا کہ ہم نے صرف اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کا ارادہ کیا تھا لیکن حکومتی کارروائیوں کے باعث اب یہ لاک ڈاؤن ملک بھر میں ہوگا۔ دو نومبر کی احتجاجی ریلی کی قیادت عمران خان خود کریں گے۔ اس دوران رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ پولیس کی جانب سے کی جانے والی گرفتاریاں غیرقانونی ہیں، گرفتاریوں سے قبل اسسٹنٹ کمشنر سے طے ہوا تھا کہ میڈیا ٹاک کریں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر بغیر جواب دئیے ہی چلےگئےاورگرفتاریاں شروع ہوگئیں۔