احتجاج کرنا ہر پارٹی کا جمہوری حق ہے لیکن اسلام آباد کو بند کرنا بھی مناسب عمل نہیں : نثار احمد کھوڑو

کراچی کے نجی ہسپتال میں زیرعلاج سانحہ کوئٹہ کے مریضوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کیخلاف یقیناً کامیابی حاصل کر چکے ہیں لیکن سانحہ کوئٹہ جیسے واقعات یہ ثابت کرتے ہیں کہ ہمیں اپنی کارروائیوں کو مزید موثر بنانا ہو گا۔ ہمیں ایسے اقدامات اٹھانا ہوں گے جس سے دہشتگردوں کے دلوں میں ڈر پیدا ہو۔ صدر پیپلز پارٹی سندھ کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا ہر پارٹی کا جمہوری حق ہے لیکن اسلام آباد کو بند کرنا بھی مناسب عمل نہیں۔ انہیں عمران خان اور نواز شریف دونوں ہی بند گلی میں دکھائی دے رہے ہیں۔ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ شیخ رشید کو چھلاوا بن کر جلسے میں جانے کی ضرورت نہ تھی۔ اگر انہیں جلسے میں جانا ہی تھا تو سیدھے راستے سے جاتے، چاہے جیل ہی کیوں نہ جانا پڑتا۔