کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے تحت انصاف ہاؤس سے گورنر ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

اسلام آباد میں ہونے والی پولیس گردی کے خلاف چئیرمین تحریک انصاف عمران کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی احتجاج کیا گیا۔ پی ٹی آئی نے انصاف ہاؤس سے کراچی پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا مگر ریلی غیرمتوقع طور پر گورنر ہاؤس پہنچ گئی جہاں کارکنان دھرنا دیکر بیٹھ گئے۔ گورنر سندھ نے پی ٹی آئی کے وفد سے ملاقات کی اور اُن سے یادداشت وصول کی۔ گورنر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ وہ وفاق کے نمائندہ ہیں جو مطالبات پیش کیے گئے ہیں وہ وفاق تک پہنچا دیے جائیں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ گورنر کو وفاق کی علامت سمجھتے ہیں، اِسی لیے یادداشت جمع کرانے آئے ہیں۔ گورنر سندھ کی جانب سے یادداشت وصول کیے جانے کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے دھرنا ختم کر دیا جس کے بعد کارکنان پُرامن طور پر منتشر ہو گئے۔