پشاور دھماکا، دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ
اسلام آباد:پشاور کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی۔آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے وفاقی دارالحکومت کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سخت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے ریڈ زون سمیت دیگر سرکاری و غیر سرکاری اہم عمارتوں کی سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ ڈی آئی جی آپریشنز و دیگر سینئر افسران خود چیکنگ کی نگرانی کریں۔آئی جی پنجاب انعام غنی نے بھی پشاور دھماکے کے بعد صوبے بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ پنجاب کے تمام پولیس افسران کو حساس مقامات اور عبادت گاہوں سمیت عوامی مقامات کی سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔