وزیراعظم آج لاہور کا دورہ کریں گے،اہم فیصلے متوقع
:وزیراعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے کے مشن پر گامزن ہیں اسی سلسلہ میں وزیراعظم عمران خان آج لاہور کا دورہ کریں گے جہاں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ترجمان کے مطابق دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم عمران خان کی گورنر چوہدری سروراور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات ہوں گی جبکہ وزیراعظم چیف سیکریٹری،آئی جی پنجاب اور صوبائی حکام سے ملاقات کریں گے۔وزیر اعظم عمران خان کو اورنج ٹرین سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پربریفنگ دی جائے گی جبکہ سہولت بازاروں سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی،وزیراعظم گورننس کے معاملات اور مہنگائی کنٹرول کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیں گے جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی سمیت صوبائی امور کا جائزہ لیں گےاور وزیراعظم مہنگائی پر قابو پانے سے متعلق اہم فیصلے بھی کریں گے۔ دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم لاہور میں ہیلتھ ریفارمز سے متعلق انصاف ڈاکٹر فورم کے کنونشن میں شریک ہوں گے۔