پشاور: دھماکے سے تباہ مدرسے میں تدریس کا عمل معطل
پشاور میں گذشتہ روز دیر کالونی کی مسجد و مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے بعد تدریس کا عمل معطل کر دیا گیا ۔مدرسے کی انتظامیہ کی جانب سے طلبا کو ان کے گھروں کو روانہ کر دیا گیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے رنگ روڈ پر دیرکالونی میں واقع مدرسہ جامعہ زبیریہ میں بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد شہید جبکہ 2 اساتذہ سمیت 112 افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے 10 زخمی طلبہ کی حالت نازک ہے۔دھماکے سے قریبی علاقہ لرز اٹھا اور مدرسے کی عمارت کو نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد مسجد میں نعرہ تکبیر، اللہ اکبر کے نعرے گونج اٹھے۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت درسِ حدیث جاری تھا، اس دوران نامعلوم شخص مدرسے میں آیا جس نے ان کے قریب بیگ رکھا، جیسے ہی وہ اپنے جوتے لینے کے بہانے باہر نکلا دھماکا ہو گیا۔