جسٹس فائز عیسیٰ ریفرنس پر نظر ثانی درخواستوں کی سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی
سپریم کورٹ آف پاکستان نے جسٹس فائز عیسیٰ کے خلاف صدارتی ریفرنس پر نظر ثانی درخواستوں کی سماعت 2 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔بدھ کو سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نے سماعت کی۔جسٹس قاضی فائز عیسی، ان کی اہلیہ، بار ایسوسی ایشنز اور پی ایف یو جے نے ریویو پٹیشنز فائل کی ہیں۔درخواست گزاروں نے مزید تیاری اور درخواستوں میں ترمیم کے لیے عدالتِ عظمی سے وقت مانگ لیا۔جسٹس عمر عطا بندیال نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ چاہتے تھے کہ جسٹس فیصل عرب کی ریٹائرمنٹ سے پہلے کیس سن لیں، درخواست گزاروں کے وکلا نے 2 ہفتے کا وقت مانگا ہے۔جسٹس عمر عطا بندیال نے یہ بھی کہا کہ درخواست گزاروں کو مکمل سماعت کا موقع بھی دینا چاہتے ہیں۔عدالت عظمیٰ نے سماعت ملتوی کردی، آئندہ سماعت 16 نومبر سے شروع ہونے والے ہفتے میں ہو گی۔