امریکہ سے ہمارے تعلقات بگاڑنے کی کیا ضرورت ہے: وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکہ سے ہمارے تعلقات بگاڑنے کی کیا ضرورت ہے۔ تمام مشکلات کے باوجود اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل پولیس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکیڈمی کے تمام شعبوں میں اچھی تربیت دی جا رہی ہے اور قوم کی بیٹیاں بھی دستے میں شامل ہیں۔ بیٹیاں زندگی کے ہر شعبے میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اے ڈی خواجہ ایماندار پولیس آفیسر ہیں اور گزارش ہے کہ جس طرح اکیڈمی چلا رہے ہیں دیگر لوازمات بھی پورے کریں۔ پاکستان کا بہترین کاونٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ لاہور میں بنایا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ تمام مشکلات کے باوجود اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے۔ پولیس نے عوام کو دہشت گردوں، چوروں اور ڈاکووں سے بچانے کے لیے قربانیاں دیں اور پولیس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ پولیس نے عوام کو امن اپنے خون سے نصیب کیا اور یقین دلاتا ہوں پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ تاریخ پولیس کی قربانیوں کو سنہرے الفاظ میں لکھے گی۔سیلاب متاثرین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اور سیلاب آیا تو حکومت نے 100 ارب روپے متاثرین کو فراہم کیے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کا وفد پاکستان آیا اور وفد نے پلندہ کھولا کہ ہم نے 5 سال قبل یہ منصوبہ دیا تھا، اسپتال بنانے کے لیے گرانٹ دیئے گئے تھے اور آسان قرضے بھی دیئے جا رہے تھے لیکن ان منصوبوں پر کام ہی شروع نہیں کیا گیا۔ میں نے سعودی عرب نے 2 دن کا وقت مانگا اور ٹیم کو 48 گھنٹے دیئے لیکن ٹیم 24 گھنٹے میں کام مکمل کر کے پہنچ گئی۔