کراچی میں عوام نے موبائل فون کمپنی کے 2 ملازمین کو تشدد اور پتھر مار کر ہلاک کردیا
کراچی: ماڑی پور مچھر کالونی میں علاقہ مکینوں نے دو افراد کو تشدد اور پتھر مار کر ہلاک کردیا جبکہ ان کی گاڑی بھی نذر آتش کردی۔ تفصیلات کے مطابق علاقہ مکینوں کا الزام تھا کہ دونوں افراد بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کررہے تھے جبکہ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ مرنے والوں کا تعلق سیلولر کمپنی سے ہے اور وہ علاقے میں لگے ٹاورز کے سگنلز چیک کررہے تھے۔پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ دیگر کی گرفتاریاں جاری ہیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ملزمان اپنی گاڑی میں بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کررہے تھے اس دوران علاقہ مکینوں کی تعداد بڑھتی چلی گئی اور دونوں مبینہ ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ اس دوران ان پر پتھر بھی برسائے گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔