آسٹریلیا سیریز سے پہلے پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا، ہیڈ کوچ نے استعفی دے دیا۔

Oct 28, 2024 | 11:25

پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے استعفیٰ دے دیا۔ ذرائع کے مطابق  گیری کرسٹن نے پی سی بی سے اختلافات کے بعد  استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے وائٹ بال ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے تعلقات خراب ہو گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق کرسٹن کی من مانیاں اور معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنا، پاکستان کرکٹ بورڈ سے ان کے اختلافات کا باعث بنا۔ انہوں نے اپنے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں ٹیم کے ساتھ آئندہ ماہ آسٹریلیا نہ جانے کی دھمکی بھی دے دی تھی۔ جس کے بعد پی سی بی اپنے مؤقف پر ڈٹ گیا تھا۔معاہدے کے مطابق گیری کرسٹن نے پاکستان میں قیام پر انکار بھی کیا، ہیڈ کوچ سال میں ایک مہینہ چھٹیاں کر سکتے تھے لیکن گیری کرسٹن چیمپیئنز کپ کے بعد پاکستان نہیں آئے۔ جس پر کرکٹ بورڈ نے سخت مؤقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ مستقبل کا جو فیصلہ کرنا ہے وہ گیری کرسٹن نے کرنا ہے۔ گیری کرسٹن نے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی 2024 سے دس روز قبل قومی ٹیم کو امریکا میں جوائن کیا تھا لیکن گیری کرسٹن اختیارات محدود کیے جانے پر ناخوش تھے۔ گیری کرسٹن کے ساتھ پی سی بی نے مئی میں 2 سال کا معاہدہ کیا تھا تاہم 6 ماہ بعد ہی اختلافات کی وجہ سے اب انہوں نے پی سی بی کے ساتھ اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔   ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کا استعفا منظور کیے جانے پر جیسن گلیسپی اور عاقب جاوید کو ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان ہے، پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کا اعلان آج ہوگا۔

مزیدخبریں