پیر اور اتوار کی درمیانی شب کو مکمل چاند گرہن ہوا. اس چاند کو ’سپر مون‘ کہتے ہیں۔
یہ اس برس کا دوسرا مکمل چاند گرہن تھا جسے سنہ 2008 کے بعد پہلی مرتبہ برطانیہ میں بھی دیکھا گيا۔ اس بار مکمل چاند گرہن کے دوران چاند تانبے کے رنگ کا نظر آرہا تھا جس کی وجہ سے اس کا نام ’بلڈ مون‘ پڑ گیا۔مکمل چاند گرہن میں زمین، سورج اور چاند اپنے مدار میں رہتے ہوئے سیدھی لکیر میں آ جاتے ہیں ۔چاند گرہن برطانوی وقت کے مطابق پیر کی صبح ایک بجکر 11 منٹ پر شروع ہوا اور تین بج کر 47 منٹ پرگرہن اپنے عروج پر پہنچا۔ یہ صبح پانچ بج کر 22 منٹ پر ختم ہوا۔پورے چاند گرہن کا یہ انوکھا نظارا مشرقی، شمالی اور جنوبی امریکہ، مغربی افریقہ اور مغربی یورپ میں بھی دیکھا گیا۔ اس سے قبل سنہ 2008 میں برطانیہ میں پورا چاند گرہن نظر آیا تھا جبکہ آئندہ سنہ 2019 میں ایسا ہوگا۔ سپر مون ہونے کی وجہ سے چاند کا ہمارے سیارے زمین سے فاصلہ کم سے کم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے چاند آسمان میں سات سے آٹھ فیصد بڑا نظر آرہا تھا،امریکی خلائی ایجنسی ناسا کا کہنا ہے کہ سپر مون اور چاند گرہن آخری بار 1982 میں اکٹھے ہوئے تھے اور ایسا اب 2033 میں ہو گا۔