اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت میں کشیدگی ختم کرنے کی پیشکش کردی
نیو یارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بانکی مون اور وزیر اعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں مشیرخارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے بھی شرکت کی۔۔۔ ملاقات میں نواز شریف نے بانکی مون کو کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا، بانکی مون نے کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کشیدگی کم کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیارہے۔ پاکستان اور بھارت مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کریں۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے، بھارتی رویئے سے خطے اور عالمی امن کے لئے خطرات پیدا ہورہے ہیں۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کیساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے اور افغان مفاہمتی عمل میں کردار ادا کرنے کے لئے بھی تیار ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، بانکی مون نے پاکستانی معیشت میں بہتری پراظہارِاطمینان کیااور اقوام متحدہ میں خاتون مندوب کی تقرری پروزیراعظم کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن مشنز میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے